سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ سے این ایل ایف وفد کی ملاقات

194

ورکرز ویلفیئر بورڈ محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لئے کام کررہا ہے۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی اسکیموں کے ذریعے محنت کشوں کو کروڑوں روپے کے فوائد حاصل ہورہے ہیں۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ محنت کشوں کا پیسہ ہے اسے ہم دیانت داری کے ساتھ خرچ کررہے ہیں۔ یہ بات ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کے سیکرٹری محمد سعید صالح جمانی نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی سے اپنے دفتر میں خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سینئر نائب صدر سید نظام الدین شاہ، مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل طیب اعجاز سواتی، نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکریٹری محمد قاسم جمال بھی موجود تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سے کہا کہ سندھ میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کی کئی اسکیمیں بند ہیں جس کی وجہ سے محنت کشوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ محنت کشوں کی تمام اسکیموں کو جاری کرے اور شفاف طریقے سے مسائل حل کیے جائیں۔ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ محمد سعید صالح جمانی نے کہا کہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ محنت کشوں کو فلاح وبہبود کے لیے کام کررہا ہے۔ ہم نے پورے سندھ میں کروڑوں روپے کی اسکیمیں جاری کی ہیں جس کے ذریعے محنت کشوں کو سہولیات حاصل ہوئی ہیں۔ جو اسکیمیں تعطل کا شکار ہیں انہیں بھی جلد جاری کیا جائے گا۔ ہم دیانت داری اور شفاف طریقے سے محنت کشوں کی خدمت کررہے ہیں اور محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لیے جلد نئی اسکیمیں بھی جاری کریں گے۔ محنت کشوں کی فیڈریشن اور یونینز ہمارے ساتھ تعاون کریں اور ہماری رہنمائی کریں۔ انشاء اللہ محنت کشوں کے کراچی سے لے کر سکھر تک کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔