پریم یونین کے تحت جماعت اسلامی کے ممبر شپ کیمپ کا آغاز

119

پریم یونین نے ریلوے اسٹیشن پر جماعت اسلامی کی ممبرشپ مہم کے لیے کیمپ لگایا جس کاافتتاح صدر پریم یونین شیخ محمدانور، ضلعی امیرجماعت اسلامی پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،سابق یوسی ناظم میاں طاہر ایوب نے کیا۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، باؤ طاہر، ریاض حسین شاہ، نور الدین، کاظم فارق گل، محمد کاشف، ساجد عمران، بابر نواز، ملک منظور احمد، محمد ازہد، عبدالسمیع سمیت پریم یونین کے ذمہ داران اور ریلوے ملازمین نے جماعت اسلامی کی ممبرشپ حاصل کی اور اپنے مسائل کے حل کے لیے حافظ نعیم الرحمن کاساتھ دینے کے عزم کا اعلان کیا۔ ریلوے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جدوجہد سے عوام کے اندر نیا حوصلہ اور روشن مستقبل کی امید پیدا ہوئی ہے۔ ایماندار اور نڈر قیادت ہی مزدوروں کے مسائل حل کرواسکتی ہے۔ جماعت اسلامی اس وقت پورے ملک کی نمائندگی کر رہی ہے، کوئی دوسری جماعت عوام کے مسائل آواز نہیں اُٹھا رہی، جماعت اسلامی کی عوامی پذیرائی بڑھ رہی ہے، ان شاء اللہ آنے والے وقت میں جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ جماعت اسلامی نے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذکی جدوجہداور اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ایک طویل تاریخ رقم کی ہے۔ جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی، کرپشن اور اقرباء پروری کا کوئی داغ نہیں۔ شیخ محمدانور نے کہاکہ عوام نے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کو بھی آزمالیا ہے، عوام اب کسی کے دھوکہ میں نہیں آئیں گے۔ وزارت ریلوے نے ریکارڈ آمدنی کے باوجود اپنی نااہلی سے ریلوے کو بستر مرگ پر پہنچا دیا ہے۔ مہنگائی اور بے روز گاری نے عوام سے راتوں کی نیند چھین لی ہے، حکومت نے بیڈ گورننس کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، عوام نے موجودہ اور سابق حکمرانوں سے جو توقعات اور اُمیدیں وابستہ کی تھیں وہ مایوسی میں بدل گئی ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن عوامی توقعات پر پورااتریں گے اورمزوروں کو ان کا حق لے کردیں گے۔ ریلوے کے لاکھوں ملازمین ان کے دست وبازو بنیں گے۔ پریم یونین پاکستان کے ہر ریلوے اسٹیشن پر ممبر سازی کیمپ لگائی گی۔ میاں طاہر ایوب نے کہاکہ پارلیمنٹ، عدلیہ یا کوئی ادارہ ریاست نہیں، پاکستان کے 25 کروڑ عوام ہی اصل ریاست ہیں۔ تمام ادارے عوام کے خادم ہیں جن کی ذمہ داری ہے کہ اصل ریاست کے مسائل کو حل کریں جوکہ 76سال سے ناکام رہے ہیں۔ یہی ادارے پاکستان کے مسائل کی جڑ ہیں۔
مزید برآں ڈی ایس آفس لاہور میں جماعت اسلامی کی ممبر شپ کیمپ کا افتتاح ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ،صدر شیخ محمدانور، ڈویژنل صدر فیاض احمد شہزاد نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریلوے پریم یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملازمین کی برطرفیاں اور ٹرینوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ریلوے کے ملازمین کو برطرف کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔ ریلوے ملازمین کوجس ذہنی اذیت سے دو چار کیا جارہا ہے، یہ حکومت کے گلے میں ہڈی بن جائے گا۔ ریلوے ملازمین کی پشت پر پریم یونین کھڑی ہے۔ ملازمین کے حق کے حصول کے لیے ہر بڑی قربانی دینے کو تیار ہے۔ ریلوے ملازمین نے اپنی شبانہ روز کارکردگی سے ریلوے کوخسارہ سے نکال کر ملکی تاریخ میں پہلی بار
منافع بخش ادارہ بنایا ہے لیکن نااہل حکومت اور ریلوے کے کرپٹ افسران ریلوے ملازمین کی فلاح بہبود کی بجائے معاشی قتل کرنے کے درپے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایس آفس لاہور میں ممبر شپ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریلو ے پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور، ڈویژنل صدر فیاض احمد شہزاد سمیت پریم یونین کے تمام زونل اور لوکل باڈی کے ذمہ داران اور بڑی تعداد ملازمین نے جماعت اسلامی کی ممبر شپ مہم میں بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ صدر شیخ محمد انور، ڈویژنل صدر فیاض احمد شہزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایماندار اور نڈر قیادت ہی مزدوروں کے مسائل حل کرواسکتی ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے رفاعی و فلاحی ادارے کی نجکاری ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے۔ ملازمین ریلوے کو بچانے کے لیے اپنا خون بہا دیں گے مگر کسی کو بھی نجکاری کے نام پر ریلوے کی لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔