حسن نصراللہ کی شہادت سے مزاحمت کو ایک نیا حوصلہ ملے گا‘القسام بریگیڈز

126

مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ کی قیادت نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کو بیروت میں اسرائیلی بزدلانہ حملے میں شہید کیے جانے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شہادت سے مزاحمت کو ایک نیا حوصلہ ملے گا،شہیدحسن نصر اللہ نے مزاحمت کی مدد کے لیے جان سمیت ہرسطح کی قربانی دی۔ شہید نے پوری زندگی جہاد اور مزاحمت میں گزاری اور اسی راستے پر چلتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ حزب اللہ کی قیادت پر قابض بزدل دشمن کی طرف سے کیا گیا یہ حملہ اس کی دہشت گردی اور رعونت کا پہلا واقعہ نہیں۔ دشمن طاقت کے استعمال اور قتل عام کے ذریعے اپنے مکروہ عزائم کو کسی صورت میں حاصل نہیں کرسکتا۔دشمن یہ سمجھتا ہے کہ وہ قتل عام اور قیادت کو ختم کرکے مزاحمت کو کچلے دے گا مگر وہ غلط فہمی میں ہے۔