مہنگی بجلی و ظالمانہ ٹیکس : جماعت اسلامی کے 13 مقامات پر دھرنے ،حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ

83
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر امیر کراچی منعم ظفر خان ملیر کالا بورڈ نیشنل ہائی وے پر دیے گئے دھرنے کے مقام پر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر امیر کراچی منعم ظفر خان ملیر کالا بورڈ نیشنل ہائی وے پر دیے گئے دھرنے کے مقام پر حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کی امامت کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدے کوپورا نہ کرنے ، مہنگی بجلی وآئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں و ظالمانہ ٹیکسوں اور کے الیکٹرک کی اجارہ داری و لوٹ مار کے خلاف اتوار کو کراچی میں 13اہم شاہراؤں پر احتجاجی دھرنے دیے گئے اور اسرائیل کی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی ۔نیشنل ہائی وے ملیر کالابورڈ پر دیے گئے دھرنے میں غائبانہ نماز جنازہ کی امامت امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کی ۔دھرنے کالا پل ،کورنگی کراسنگ ،مین سپر ہائی وے ،پاور ہاؤس چورنگی ،اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر چورنگی ،بنارس چوک،واٹر پمپ چورنگی شاہراہ پاکستان ،مین حب ریور روڈ ،فریسکو چوک برنس روڈ ،ڈالمن مال نزد حیدری مارکیٹ ،جوہر موڑ،راشد منہاس روڈپردیے گئے ۔دھرنے کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج کیا اور جماعت اسلامی کی حق دو عوام تحریک کے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے ۔مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف بھی زبردسست نعرے لگائے ۔منعم ظفر خان نے ملیر کالابورڈ مین نیشنل ہائی وے پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے حوالے سے پوری امت کے عوام کی رائے حکمرانوں سے مختلف ہے، عوام اسرائیل کے خلاف ہیں اور بدقسمتی سے کرپٹ و نااہل حکمران اپنے ہی عوام کو فتح کرنے میں لگے ہوئے ہیں، حکومت نے راولپنڈی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور اب معاہدے سے بھاگ رہی ہے۔ جماعت اسلامی حکومت کو معاہدے سے بھاگنے نہیں دے گی، راولپنڈی میں 14 روزہ دھرنے کے بعد ہم ایک دن کے لیے بھی بیٹھے نہیں ہیں،ہماری جدوجہد جاری ہے۔جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک وسیع ہوکر اب پورے ملک میں حق دو عوام تحریک بن گئی ہے،ہم حکومت سے عوام کا حق چھین کر لیں گے، حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک اور پورے ملک میں آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں، کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کی حکومتی سرپرستی اور ظالمانہ ٹیکس سسٹم نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔ شدید گرمی میں کے الیکٹرک 12 ،12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کرتی ہے، رات میں بھی بجلی بند کی جاتی ہے اس کے باوجود ہزاروں روپے کے بجلی کے بل بھیج دیے جاتے ہیں، کے الیکٹرک کی لوٹ مار، لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف واحد جماعت اسلامی ہے جس نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے ۔آج بھی سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کا واحد رکن اسمبلی محمد فاروق کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑررہا ہے۔ سندھ حکومت اربوں روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے تیار ہے لیکن عوام کو حق نہیں دیتی اور شہریوں کے بنیادی مسائل حل نہیں کرتی۔انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی پورے ملک کی معیشت چلارہا ہے اور سندھ کا 98فیصد بجٹ فراہم کرتا ہے لیکن شہر کے ساڑھے تین کروڑ عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں ،پیپلزپارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی ، نااہلی اور کرپشن نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ہے ، عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں ،ٹینکر مافیا کاراج ہے ،گھروں کے نلکوں میں پانی نہیں آتا ہائیڈرینٹ کو مل جاتا ہے اور شہری مہنگے داموں ٹینکر سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں ۔منعم ظفر خان نے کہاکہ جماعت اسلامی 6اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر عظیم الشان اور تاریخی ’’الاقصیٰ ملین مارچ ‘‘کرے گی اور7اکتوبر کو 12بجے دن پورے ملک کے عوام سڑکوں پر نکل کر اسرائیل کے خلاف احتجاج کریں گے ۔حکومت پاکستان بھی 7اکتوبر کو سرکاری سطح پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کا اعلان کرے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اسرائیل کی دہشت گردی اور جارحیت مسلسل بڑھتی جارہی ہے ، 7اکتوبر کو اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ جارحیت اور دہشت گردی کو ایک سال مکمل ہوجائے گا ۔ اسرائیل کو صرف امریکہ کی پشت پناہی ہی حاصل نہیں بلکہ عالم اسلام کے حکمرانوں کی بزدلی اور بے حمیتی نے بھی اسرائیل کو طاقت فراہم کی ہے ۔ غزہ کے بعد اسرائیل نے لبنان کے شہر بیروت پرحملہ کر کے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو شہید کردیا گیا اگر اب بھی عالم اسلام کے حکمرانوں نے اسرائیل کی دہشت گردی وجارحیت کو نہ روکاتو کل کوئی ملک بھی نشانہ بن سکتا ہے ۔حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں اور جو اسرائیل کی تمام تر فوجی طاقت کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور مسلسل اپنی مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔دھرنے سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ،ضلع ائرپورٹ کے امیر اشرف چودھری ،نائب امیر ضلع و دیگر نے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیںدیگر 12مقامات پر دیے جانے والے دھرنوں سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ ،سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ،نائب امیر کراچی مسلم پرویز، امیرضلع جنوبی سید عبد الرشید، امیر ضلع کیماڑی فضل احد، امیر ضلع غربی مدثر حسین انصاری، امیر ضلع غربی سائٹ عبد الرزاق خان، امیر ضلع شمالی محمد یوسف ، امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن، امیر ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ ، امیر ضلع گڈاپ معمار عرفان احمد ،امیر ضلع ملیر محمد اسلام ، امیر ضلع لانڈھی عبد الجمیل ، سیکرٹری ضلع شرقی ڈاکٹر فواد ودیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا ۔

حکومت کی جانب سے بجلی کے حوالے سے معاہدہ پر وعدہ خلافی کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں اتوار کو کراچی تا کشمور سندھ بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں احتجاجی مظاہرے اور اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے گئے ۔ جن سے صوبائی ، ضلعی ، مقامی رہنماؤں نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر لبنان میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے عالمی رہنما حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اد ا کی گئی ۔ کراچی ، حیدرآباد، میرپورخاص ، سکھر ، جیکب آباد، کشمور ،مٹھی ، شہدادکوٹ ، بدین ،شکارپور ، ٹھٹھہ ،لاڑکانہ ،قمبر،دادو،ٹنڈوٓدم ، جامشورو ، ٹنڈوالہیار سمیت مختلف شہروں میں منعقدہ دھرنوں مظاہروں میں شریک عوام نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی اور مطالبہ کیا کہ بجلی ،گیس کی قیمتوں کو کم ،ظالمانہ ٹیکس ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے تاکہ عوام کوئی سکھ کا سانس لے سکیں ۔ امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر کشمیر چوک مٹھی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین ،کشمیر اور لبنان سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایہ جا رہا ہے۔ غزہ کو مٹی کا ڈھیر بنا نے کے بعد لبنان پر حملہ اور خالص سول آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی رہنما حسن نصراللہ سمیت سیکڑوں بچوں ، خواتین کو شہید کیا گیا ۔امریکا سمیت طاقت ور قوتیں اسرائیل کی درندگی کو روکنے اور مظلوموں کی ہمدردی کے بجائے صہیوں وقابض ریاست اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں جس سے ان کادہرا معیار کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ اقوام متحدہ اجلاس کے دوران لبنان وغزہ پر حملوں سے ثابت ہوگیا کہ اقوام متحدہ عملا ایک ناکارہ ادارہ ہے۔ مسلم ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی بھی شرمناک وقابل مذمت ہے۔صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا حکومت نے مسلسل بجلی قیمتوں میں اضافہ وظالمانہ ٹیکسوں کے ذریعے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ حکومت آئی پی پیز سے ملکر عوام کا خون چوس رہی ہے جس کے خلاف حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی سڑکوں پر ہے حکومت نے روش تبدیل اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اور بل نہ ادا کرنے پر غور کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ضلعی امیر میر محمد بلیدی نے بھی خطاب کیا ۔لاڑکانہ میں باغ جناح پریس کلب پر دھرنے سے صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معاہدہ کی خلاف ورزی کر کے خود عوام کے غیض وغضب کو دعوت دی ہے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ اگر معاہد پر عمل نہیں ہوا تو ہم دوبارہ سڑکوں پر ہوںگے جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جو عوام کے مسئلے کے لیے عملی طور پر میدان میں ہے ۔ٹھٹھہ پریس کلب نیشنل ہائے وے پر دھرنے سے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے طوفان نے عوام کو دنمیں تارے دکھا دیے ہیں اسلیے عوام کو اپنے حقوق اور ظالم قو۳توں سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کے تحریک حق دو عوام کو بدلو اس نظام کو کا ساتھ دینا چاہئے اور ملکر جدوجہد کرنی چاہئے ۔ اس موقع پر امیر ضلع الطاف احمد ملاح مولانا سمیع ہالیپوٹو ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔