مہنگی بجلی: جماعت اسلامی کے 13 مقامات پر دھرنے، حسن نصر اللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ

158

کراچی:امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدے کوپورا نہ کرنے، مہنگی بجلی وآئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں و ظالمانہ ٹیکسوں اور کے الیکٹرک کی اجارہ داری و لوٹ مار کے خلاف اتوار کو کراچی میں 13اہم شاہراؤں پر احتجاجی دھرنے دیے گئے اور اسرائیل کی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

نیشنل ہائی وے ملیر کالابورڈ پر دیے گئے دھرنے میں غائبانہ نماز جنازہ کی امامت امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کی۔

دھرنے کالا پل،کورنگی کراسنگ،مین سپر ہائی وے،پاور ہاؤس چورنگی،اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر چورنگی،بنارس چوک،واٹر پمپ چورنگی شاہراہ پاکستان،مین حب ریور روڈ،فریسکو چوک برنس روڈ،ڈالمن مال نزد حیدری مارکیٹ،جوہر موڑ،راشد منہاس روڈپردیے گئے۔

دھرنے کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج کیا اور جماعت اسلامی کی حق دو عوام تحریک کے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف بھی زبردسست نعرے لگائے۔

منعم ظفر خان نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے حوالے سے پوری امت کے عوام کی رائے حکمرانوں سے مختلف ہے، عوام اسرائیل کے خلاف ہیں اور بدقسمتی سے کرپٹ و نااہل حکمران اپنے ہی عوام کو فتح کرنے میں لگے ہوئے ہیں، حکومت نے راولپنڈی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور اب معاہدے سے بھاگ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  جماعت اسلامی حکومت کو معاہدے سے بھاگنے نہیں دے گی، راولپنڈی میں 14 روزہ دھرنے کے بعد ہم ایک دن کے لیے بھی بیٹھے نہیں ہیں،ہماری جدوجہد جاری ہے۔جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک وسیع ہوکر اب پورے ملک میں حق دو عوام تحریک بن گئی ہے،ہم حکومت سے عوام کا حق چھین کر لیں گے، حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

 منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک اور پورے ملک میں آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں، کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کی حکومتی سرپرستی اور ظالمانہ ٹیکس سسٹم نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔