ٹھٹھہ (جسارت نیوز) ضلع کے عوام نے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج سے پرزور اپیل کی ہے کہ ہمیشہ پولیس کے انٹرویوز اور ٹیسٹ لڑکے لڑکیوں کے الگ الگ تاریخوں میں لیے جانے چاہییں، ہر ضلع میں ٹیسٹ لینے کے لیے ٹیمیں بھیجی جائیں کیونکہ غریب بڑی مشکل سے گنجو ٹکر اور حیدرآباد کرایہ کرکے بھیجتے ہیں، اکثر گاڑیوں والے کرایہ زائد وصول کرتے ہیں، رننگ کی ٹائمنگ صبح 5 بجے رکھی جاتی ہے، دور دراز سے آنے والے اُمیدوار پوری رات کا سفر کرکے پہنچتے ہیں جہاں انٹرویوز دینے کے علاوہ تماش بین بھی ہوتے ہیں جو لڑکیوں کی وڈیوز باہر کھڑے ہوکر بناتے ہوئے نظر آتے ہیں، گزشتہ روز پبلک اسکول حیدرآباد میں ریٹرن ٹیسٹ کے دوران لڑکے لڑکیوں کا مجمع تھا جس میں کچھ تماش بین اُمیدوار لڑکیوں کی وڈیو بھی بناتے نظر آرہے تھے اور لڑکے لڑکیاں سب ساتھ کھڑے تھے۔ عوام نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد رینج سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسا نظام بنایا جائے کہ اُمیدوار لڑکے لڑکیوں کے انٹرویوز ٹیسٹ الگ الگ تاریخوں میں لیے جائیں اور ہر ضلع میں انٹرویوز لینے والی ٹیموں کو ہر ضلع میں ترتیب وار بھیجا جائے تاکہ غریب اُمیدواروں کو بھی آسانی ہو سکے۔