سکھر (نمائندہ جسارت) پہلی اوپن میراتھن کے انعقاد کا اعلان، میراتھن 25 دسمبر کو کوٹڈیجی سے سکھر تک ہو گی، ڈی آئی جی پولیس سکھر پیر محمد شاہ اور کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے میراتھن کی تیاریوں کے بارے میں اجلاس میں تبادلہ خیالات کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکھر ڈویژن میں سماجی ہم آہنگی، صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے اور خطے کے ثقافتی ورثے اور قدرتی حسن کو اُجاگر کرنے کے لیے ایک منفرد اوپن میراتھن کا انعقاد رکھا گیا ہے، اُمید ہے کہ یہ میراتھن سکھر کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی منفرد میراتھن ثابت ہوگی۔ ڈی آئی جی پولیس پیر محمد شاہ نے بتایا کہ پہلی اوپن میراتھن 25 دسمبر کو ہوگی جو صبح 8 بجے کوٹڈیجی سے شروع ہوکر سکھر پر اختتام پذیر ہوگی۔ میراتھن کا انعقاد ضلعی انتظامیہ اور آئی بی اے پبلک اسکول اور سماجی تنظیم لوک شائت کے تعاون سے کیا جا رہا ہے جس کا فاصلہ 42.95 کلو میٹر ہے۔ ڈی جی سکھر نے بتایا کہ میراتھن جیتنے والوں کو 10 ہزار سے 10 لاکھ روپے تک کے انعامات دیے جائیں گے، جبکہ میراتھن میں ریسلنگ کے مقابلے اور رات کو لائیو میوزیکل کنسرٹ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میراتھن میں حصہ لینے والوں کی آن لائن رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے اور دلچسپی رکھنے والے www.loksahiata.org پر خود کو مفت آن لائن رجسٹر کروا سکتے ہیں، رجسٹریشن کی آخری تاریخ یکم دسمبر ہے۔ ڈی آئی جی پیر محمد شاہ نے کہا کہ انٹرنیشنل میراتھن سب کے لیے کھلی ہے، میراتھن میں پاکستان اور بیرون ممالک سے کوئی بھی کھلاڑی حصہ لے سکتا ہے، اُمید ہے کہ نوجوان اپنا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوں گے، سکھر سے بھی میراتھن میں ریکارڈ بنا کر شہر کا نام روشن کریں گے، میراتھن کے بعد خواتین کے لیے بھی ایسی ریس کا انعقاد کیا جائے گا جس کا فاصلہ 10 کلومیٹر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے 3 ماہ قبل میراتھن کا اعلان کیا تھا تاکہ نوجوان بہتر انداز میں تیاری کر کے مقابلے میں حصہ لے سکیں۔ ڈی آئی جی پیر محمد شاہ نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ اس تقریب کی تشہیر کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ اس موقع پر کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے کہا کہ اس تقریب کا سہرا ڈی آئی جی پولیس سکھر پیر محمد شاہ کو جاتا ہے، کمشنر سکھر نے کہا کہ تعلیم کے حوالے سے بھی اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، لوک شیتا کے روح رواں آغا ہارون نے کہا کہ ان کی تنظیم مختلف سماجی کام کر رہی ہے، ہم نے سکھر کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنے کا سوچا کیونکہ یہاں کے نوجوانوں کو لا میراتھن میں بہت کم مواقع ملتے ہیں۔