اٹک: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی سینئر صحافی سید قمر الدین کے انتقال پر تعزیت

228

اٹک (جسارت نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے سینئر صحافی سید قمر الدین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار اور خاندان کے ساتھ دُعائے مغفرت کی ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک سردار امجد علی خان، تحصیل امیر میاں محمد جنید، سابق کونسلر بلدیہ شہاب رفیق ملک، انچارج جماعت اسلامی میڈیا سیل سید ثناء اللہ بخاری اور دیگر قائدین کے علاوہ مرحوم کے صاحبزادگان سید حارث اسلامیہ اسکول والے، کینیڈا میں مقیم سید احمر، بھائیوں سید محی الدین، سید بدرالدین، سید نظام الدین اور داماد سفیر احمد رینکن شوز والے، شوکت محمود لائٹ اکیڈمی والے بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سید قمر الدین شخص نہیں، شخصیت تھے، ان کی شعبہ صحافت میں ایمانداری،اپنے پیشے سے لگن اور شرافت مستقبل میں نوجوان صحافیوں کے لیے مشعل راہ رہے گی، سید قمر الدین پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ صحافت میں ان کے جاوید ہاشمی اور سابق رکن ضلع کونسل ممریز خان ایڈووکیٹ کے کلاس فیلو تھے اور انہوں نے ایم اے جنر نلزم گولڈ میڈل حاصل کیا اور وہ روزنامہ نوائے وقت کے ضلعی نامہ نگار کی حیثیت سے کئی دہائیوں تک خدمات سر انجام دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ملک گیر رابطہ اور ممبر سازی مہم جاری ہے، قادیانیوں کے علاوہ غیر مسلم محب وطن پاکستانی جماعت اسلامی کے ممبربن سکتے ہیں، پاکستان کی بحران زدہ سیاست کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے نظریاتی منظم تعصبات اور فرقہ پرستی سے پاک جمہوری دینی جماعت کی ضرورت ہے۔