فیصل آباد: حکومتی معاہدے کی ڈیڈ لائن ختم، جماعت اسلامی آج دھرنا دیگی

16

فیصل آباد (جسارت نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی کے ساتھ حکومتی معاہدے کی 45 روزہ ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد بھی عمل درآمد نہ ہونے پر جماعت اسلامی کے کارکن آج شام 3:30 بجے کچہری بازار چوک میں دھرنا دیں گے۔ ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جماعت اسلامی نے بجلی و گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کر دیا، حکومت کو آئی پی پیز کو لگام دینا پڑے گا، خاموش رہنا موت ہے، موت کا انتظار مت کریں، عوام گھروں سے نکلیں اور جماعت اسلامی کے ساتھ احتجاج کا حصہ بنیں، جماعت اسلامی عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے، حکومت کو عوامی مطالبات ماننا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی حقوق ملنے تک تحریک جاری رہے گی، آئی ایم ایف سے کیے گئے خفیہ معاہدے قوم کے سامنے لائے جائیں، ظالمانہ ٹیرف، سلیب سسٹم اور آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں، عوام کو سولر سسٹم نہیں ڈائریکٹ ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و ناانصافی قبول نہیں کریں گے، نالائقی حکمرانوں کی ہو اور سزا عوام بھگتیں، ایسا نہیں چلے گا، بجلی موجود ہے تو لوڈ شیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟ لائن لاسز اور چوری روکی جائے۔