فیصل آباد: الخدمت انور نذیر اسپتال میں مفت شوگر کیمپ کا افتتاح

17

فیصل آباد (جسارت نیوز) نیکسز لائنز کلب کے صدر اور نو منتخب ایگزیکٹو ممبر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز فاروق یوسف نے الخدمت انور نذیر اسپتال کے ہفتہ وار مفت شوگر کیمپ کا افتتاح کیا، کلب کے دیگر ممبران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ڈاکٹر شفقت جاوید اور وائس چیئر پرسن میمونہ روحی نے مہمان کا استقبال کیا اور فیصل آباد چیمبر کا ایگزیکٹو ممبر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ اس موقع پر اسپتال کی کور کمیٹی کے دیگر ممبران انجم اقبال بٹ، ڈاکٹر عبدالجبار عباسی، ڈاکٹر محمد اقبال اور ڈاکٹر محمد رفیق بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر شفقت جاوید نے وفد کو اسپتال کے مختلف ویلفیئر پروجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ حال ہی میں اسپتال نے مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں 600 سے زائد مریضوں کی آنکھوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور اس میں سے 220 مریضوں کے لیزر سرجری کے ذریعے موتیا کے آپریشن بمعہ لینز، لیبارٹری ٹیسٹ اور ادویات دیے گئے۔ میمونہ روحی نے اسپتال کے ساتھ نیکسز لائنز کلب کے تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فاروق یوسف نے شہریوں کے لیے الخدمت انور نذیر اسپتال کی صحت عامہ کی خدمات کی تحسین کی۔ انہوں نے نیکسز لائنز کلب اور الخدمت انور نذیر اسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے مطابق مختلف پروجیکٹس پر کارکردگی کا جائزہ لیا۔