مریم اور نواز شریف سے جاپانی سفیر کی ملاقات

77
لاہور: ن لیگ کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے جاپان کے سفیر مٹسوہیروواڈا ملاقا ت کررہے ہیں

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیگی صدرنواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین بہترین تعلقات کومزید وسعت دینے کے لیے پر عزم ہیں، جاپان اقوام عالم میں اپنی محنت اور لگن سے نمایاں ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم بھی بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں ، تعلیم، صحت اور شہری سہولیات کی بہتری میں جاپان کا پنجاب حکومت سے تعاون لائق تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا بڑا پوٹینشل موجود ہے، صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی ساز گار ماحول اور مراعات دے رہے ہیں۔ اس موقع پر جاپانی سفیر مٹسوہیرو واڈا نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔