کراچی(اسپورٹس رپورٹر )پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے سی ای او ثمین رانا نے انکشاف کیا ہے کہ پی ایس ایل 10 آئی پی ایل سے متصادم ہوگا،کوشش کررہے ہیں آئی پی ایل میں شریک نہ ہونے والے بڑے کرکٹرز کی پی ایس ایل میں شرکت یقینی بنائیں ۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے پہلی مرتبہ پی ایس ایل اپنے معمول کے ٹائم فریم میں نہیں ہوگا اور تاریخوں کو آگے بڑھائے جانے کا امکان ہے تاہم ہمیں خوشی ہے کہ آئی سی سی ایونٹ پاکستان واپس آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں طویل عرصے بعد ہوم گرائونڈ پر شائقین مختلف ٹیموں کے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔ سی ای او لاہور قلندرز نے کہا کہ 10واں ایڈیشن پہلی مرتبہ آئی پی ایل کے ساتھ ٹکرائے گا تاہم کوشش کررہے ہیں آئی پی ایل میں شریک نہ ہونے والے بڑے کرکٹرز کی پی ایس ایل میں شرکت یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کیلئے براہ راست کھلاڑیوں کیساتھ معاہدے موضوع ہوں گے اس سے وہ تمام میچز پاکستان میں کھیلیں گے۔ قبل ازیں چند ماہ پہلے پاکستان سپر لیگ 10 کے پلے آف انگلینڈ میں کرانے کی تجویز زیر بحث آئی تھی۔ ثمین رانا نے پی ایس ایل کو پاکستان لانے کے لیے دی گئی اہم قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے پلے آف کو بیرون ملک منتقل کرنے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ “ہم بڑی قربانیاں دینے کے بعد پی ایس ایل کو پاکستان لائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ یہاں بین الاقوامی کرکٹ مستقل طور پر پھل پھول سکے۔ ہمارے شائقین نے بے پناہ لگن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اب ان تمام کوششوں کے بعد ہم کرکٹ ایونٹس کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بات کر رہے ہیں۔ بیرون ملک دوبارہ اس پر غور کرنے سے پہلے ہمیں بیرون ملک پلے آف لینے کے فوائد کو سمجھنے کی ضرورت ہے اگر ہم اس فیصلے کی حمایت کرنے کو تیار ہیں۔