واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی جوہری توانائی سے چلنے والی جدید ترین آبدوز تیاری کے مراحل میں ہی ڈوب گئی ۔ ایسوسی ایٹڈ پریس اور دیگر ذرائع ابلاغ نے سینئر امریکی دفاعی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ مصنوعی سیارے کی تصاویر سے پتا چلا ہے کہ آبدوز مئی اور جون کے درمیان کسی وقت صوبہ ہوبئے میں دریائے یانگسی پر ایک شپ یارڈ میں ڈوب گئی۔ رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آبدوز کے ڈوبنے کی وجہ کیا تھی۔ امریکی حکومت کے سینئر اہلکار کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حادثے کے وقت آبدوز میں جوہری ایندھن موجود تھا یا نہیں۔دوسری جانب چینی حکام نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔