راولپنڈی:احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں پر پر پولیس کی شیلنگ، جھڑپیں

222

راولپنڈی:پی ٹی آئی کے تحت راولپنڈی میں آج ہونے والے احتجاج  پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کردی، جس کے بعد کارکنوں اور پولیس میں جھڑپیں شروع ہو گئیں اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کے لیے شہر کے تمام داخلی راستے بند کرتے ہوئے کنٹینرز لگا دیے گئے تھے، تاہم دوپہر کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے کمیٹی چوک پر لگی رکاوٹوں اور کنٹینرز کو ہٹانا شروع کردیاا ور کارکن نعرے لگاتے ہوئے آگے لیاقت باغ کی جانب مارچ کرنے لگے۔

اس موقع پر پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی، جس کے بعد علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ مری روڈ، کمیٹی چوک سے لیاقت باغ کے علاقے میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان شدید تصادم ہوا،  جب کہ کارکن پولیس پر پتھراؤ کرتے رہے۔صورت حال کو دیکھتے ہوئے پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سےآنسو گیس کی شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے شیل قریبی گھروں میں گرے سے خواتین اور بچوں کی حالت غیر ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ میڈیا کے نمائندے بھی شیلنگ کی زد میں آ رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے کارکن چائنا مارکیٹ ریالٹو چوک کمیٹی چوک سے مری روڈ پر نکل آئے۔ پولیس نے سرکاری گاڑیوں سے خطرے کے سائرن بجانے شروع کر دیے۔ کمیٹی چوک مریڑ چوک چائنا مارکیٹ پر پی ٹی آئی کارکن جمع ہو چکے ہیں جب کہ پولیس ان مقامات سے پسپا ہو گئی ہے۔ پولیس نے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی ہیں۔