بینک اے ٹی ایم کو ہالی ووڈ فلم کی طرح واردات کرکے لوٹنے والا گینگ گرفتار

356

 نئی دہلی: بھارت میں بینکوں کی اے ٹی ایم کو ہالی ووڈ فلم کی طرح واردات کرکے لوٹنے والا گینگ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں میں بینکوں کی اے ٹی ایم  کو لوٹنے والے ایک گینگ سے متعلق پتا چلا ہے کہ وہ ہالی ووڈ فلموں کی طرز پر واردات کرتا تھا اور ایک واردات کے بعد اے ٹی ایم لوٹنے اور لاکھوں روپے لے کر فرار ہوتے ہوئے مشین اور رقم سمیت دھر لیا گیا۔

تمل ناڈو کے اس 7 رکنی گینگ کو پولیس نے بھی ڈرامائی انداز ہی سے گرفتار کیا۔ اس کارروائی میں گینگ کا ایک کارندہ مارا گیا جب کہ 6 کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

واردات کی تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ یہ گینگ ریاست ہریانہ میں نصف شب کو  ایک بینک کی اے ٹی ایم میں واردات کرتا ہے، جس کے لیے اس نے ہالی ووڈ فلم کی نقل کرتے ہوئے وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمروں پر اسپرے چھڑک کر انہیں اندھا کیا اور اے ٹی ایم کے دروازے پر ریپیئرنگ کا نوٹس لگا کر اطمینان کے ساتھ چوری کی واردات میں مصروف رہا۔

اسی طرح گینگ نے اسی رات مزید 2 اے ٹی ایمز پر بھی واردات کی۔ واردات  کرنے کے بعد یہ گینگ ہالی ووڈ فلم  کی طرح جس کار کو فرار ہونے کے لیے استعمال کرتا تھا، اسے ایک بڑے ٹرک میں داخل کردیتے تھے، تاکہ یہ کسی کیمرے یا دیگر ذرائع سے پکڑ میں نہ آ سکیں۔

پولیس کو واردات کی اطلاع ملی تو اس نے ایک ٹرک کو چیکنگ کے دوران رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ٹرک ڈرائیور نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی اور کئی گاڑیوں کو ٹکر مارتے ہوئے رفتار بڑھا دی۔

بعد ازاں پولیس نے کئی کلومیٹر تک ٹرک کا پیچھا کیا اور بالآخر اسے روک کر اس میں سے اے ٹی ایمز اور رقم برآمد کرلی جب کہ 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان میں سے ایک نے پولیس پر  حملہ کرنے  اور دیگر نے رقم لے کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔  گینگ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔