لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت کی ، دوران سماعت جوڈیشل واٹر کمیشن نے بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت ہو رہا ہے یہ کسی ایکشن کے بعد ہی باز آئیں گے۔اس پر ایل ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز ہم نے ٹولنٹن مارکیٹ میں آپریشن کیا، ہماری کوشش ہے ٹولنٹن مارکیٹ کی ایسوسی ایشن ہمارے ساتھ آن بورڈ آ جائے، مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنا قانوناً جرم ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ میں نے دیکھا ہے کہ کچھ ریسٹورنٹس والے اپنا پانی بیچتے ہیں، جب تک وہ پانی پاکستانی معیار پر پورا نہ اترے اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس پر متعلقہ ادارے کو سوچنا ہو گا، ستمبر ختم ہونے کو ہے آپ ٹمپریچر دیکھ سکتے ہیں، یہ کلائمٹ چینج ہے۔عدالت نے کہا کہ اگر سڑکوں پر لین کی پابندی ہو گی تو آدھی آلودگی ختم ہو جائے گی، عدالت نے سٹرکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کو بھاری جرمانے اور لین کی خلاف ورزی پر چالان کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔