نیویارک (صباح نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جوار جیوا نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ان کی مفید بات چیت ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پروزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کے ساتھ ملاقات کے بعد اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ ان کی بات چیت مثبت، مفید اورتعمیری رہی ہے۔ ملاقات میں پاکستان کی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی، ٹیکس نظام میں شفافیت اورروزگارکے نئے مواقع کی فراہمی کیلیے آئی ایم ایف کے تعاون سے اصلاحات کے نئے پروگرام پرتفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کیلیے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔