آئی ایم ایف سے پیکیج کی منظوری خوش آئندہے، زبیر طفیل

155

کراچی ( کامرس رپورٹر )فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر اور یونائٹیڈ بزنس گروپ(یوبی جی)کے صدر زبیرطفیل نے عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) کی جانب سے 7 ارب ڈالر پیکیج کی منظوری خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت شدت سے پاکستان کی معیشت کیلئے آئی ایم ایف پیکیج کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی اور اب جبکہ قرضہ منظور ہوچکا ہے اور جلد ہی پہلی قسط پاکستان کومل جائے گی تو ایسی صورتحال میں حکومت کو مالیاتی نظم ونسق کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دینی ہوگی۔زبیرطفیل نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی دعا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ پاکستان کیلئے آخری پروگرام ہو اور ہم اپنے قدموں پر مضبوطی سے کھڑے ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بین عالمی مالیاتی اداروں پاکستان پراعتماد کا اظہار کیا ہے تاہم حکومت کی بھی یہ کوشش ہونی چاہیئے کہ یہ پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو۔ صدر یو بی جی زبیرطفیل نے مزید کہا کہ توانائی شعبے کے گردشی قرض پر قابو پانے کیلئے آئی پی پیز معاہدوں پر نظرِ ثانی کی ضرور ی ہے جبکہ ٹیکس نظام کو بہتر کرنا اور ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن پر توجہ دینی ہوگی۔یو بی جی کورکمیٹی کے ممبرملک خدا بخش نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی کم کرنے کی کوششوں کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں، شرح سود بھی نیچے آرہی ہے، کرنسی مستحکم ہے، زرمبادلہ ذخائر بڑھ گئے ہیں، ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ بڑھائی ہے اور قوی امکان ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے 7ارب ڈازلر کے قرض پیکج کی منظوری کے بعد شرح سود میں مزید کمی کی جائے گی جس سے مہنگائی میں مزید خاطر خواہ کمی آئے گی۔