میر پور خاص، پیٹرول سستا، اشیا خورونوش کے نرخوں میں اضافہ

144

میرپورخاص( نمائندہ جسارت) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی، لوگ مہنگے داموں اشیا خریدنے ہر مجبور ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات لوگوں تک نہیں پہنچ رہے ہیں سبزیوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہیں شہریوں کی شکایت ہے کہ کوئی بھی سبزی 100 روپے فی کلو سے کم دستیاب نہیں ہے آلو 120 روپے کلو، پیاز 150 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ سب سے زیادہ قیمت ادرک کی ہے جو 1000 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے بیگن 100 روپے، لہسن 500 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے جس کے باعث وہ خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہیں۔ سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ ان قیمتوں کے پیچھے اہم عوامل ہیں دکانداروں کے مطابق اگرچہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں مگر دیگر عناصر کی وجہ سے قیمتیں مستحکم نہیں ہو پا رہی ہیں شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اشیا کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرے تاکہ انہیں ضروریات زندگی کی خریداری میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس صورتحال نے لوگوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کر دیا ہے اور وہ سستے داموں اشیا کی تلاش میں سرگرداں دیکھائی دیتے ہیں۔