ڈیوائن براوو نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

100

جمیکا (اسپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل رائونڈر ڈیوائن براوو نے تینوں فارمیٹس کی بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔ 40 سالہ سابق ویسٹ انڈین آل رائونڈر ڈیوائن براوو نے تمام طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ۔5 مرتبہ سی پی ایل ٹرافی اٹھانے والے ڈیوائن براوو نے کہا کہ میرا جسم مزید درد، ٹوٹ پھوٹ اور تنا ئوبرداشت نہیں کر سکتا اس لیے بھاری دل کے ساتھ باضابطہ طور پر ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں۔ڈیوائن براوو نے ویسٹ انڈیز میں کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل)کے ایڈیشن سے قبل اعلان کیا تھا کہ یہ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا، وہ منگل کو سی پی ایل میچ کے دوران کمر کی انجری میں مبتلا ہوگئے تھے۔ڈیوائن براووآئندہ ماہ 41 سال کے ہو جائیں گے، وہ سی پی ایل 2024 کے سیزن میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔واضح رہے کہ ڈیوائن براوو نے2023 میں انڈین پریمیئر لیگ جبکے 2021میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔انہوں نے اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر میں 164 میچز کھیل کر 2968 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 199 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔