وزیراعظم ایسے مبارک دے رہے ہیں جیسے قرض لیا نہیں دیا ہے، مشیر خزانہ پختونخوا

98

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پیکج پر وزیراعظم ایسے مبارکباد دے رہے ہیں جیسے قرض لیا نہیں دیا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ 2 سال پہلے پاکستان کا مجموعی قرض 43 ہزار ارب روپے تھا، پی ڈی ایم حکومت کے 2 برس میں پاکستان کا قرض 70 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ساڑھے 6 سو ارب قرض کو 3 ہزار ارب بتایا جا رہا ہے، سندھ اور پنجاب کا قرض کیوں نہیں بتایا جا رہا، سندھ پر ایک ہزار ارب سے اوپر کا قرض ہے، اس کے علاوہ قرض کے پیسوں سے گندم خریدی ہے جو تقریباً 500 ارب ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ پنجاب پر 1700 ارب کا قرض ہے، ایک ہزار ارب روپے گندم کے دینے ہیں، سندھ پر پنشن بقایاجات 6 ہزار ارب روپے جبکہ پنجاب پر تقریباً 10 ہزار ارب روپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا پر سندھ اور پنجاب کے قرضوں کی تفصیلات کیوں نشر نہیں ہوتیں، پنجاب اور سندھ والے میڈیا کو اشتہارات دیتے ہیں، اس لیے ان کا قرض نہیں بتایا جا رہا‘ حکومت پریس کلب کو گرانٹس دیتی ہے تاکہ غریب صحافیوں کی امداد ہو سکے۔