کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں مون سون ختم ہوگیا ہے، جس کے بعد اب شہر میں مزید بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔
ماہرین کے مطابق مون سون کا دورانیہ جولائی کے وسط سے ستمبر کے اختتام تک رہتا ہے، جس کے سبب رواں سال مون سون کے تحت درمیانی اور تیز بارشیں ہوئیں جب کہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارشیں بھی ریکارڈ ہوئیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق کراچی سمیت دیہی سندھ کے اضلاع جب کہ بلوچستان میں بھی اب مون سون بارشوں کا امکان نہیں رہا، تاہم اگلے چندروز کے دوران شہر کا موسم نسبتاً تیز ہواؤں کی وجہ سے بہتر رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ دنوں مغربی ہواؤں کے سبب شہر میں حدت محسوس کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبرکا مہینہ گرم رہنے کی توقع ہے۔ ہرسال اکتوبر کا اوسط درجہ حرارت 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے، نومبر کے وسط سے خنک موسم کا آغاز ہوگا جس کے بعد موسم بتدریج سرد ہوناشروع ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.3 ڈگری رہا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ ہوا۔