دنیا کا کوئی چیف جسٹس ایسا نہیں کرتا جو فائزعیسیٰ کر رہا ہے، عمران خان

201

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے  کہا ہے کہ دنیا کے کسی چیف جسٹس نے ایسا نہیں کیا جو پاکستان کا چیف جسٹس کر رہا ہے۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس کی کارروائیاں جانبدارانہ ہیں اور وہ توسیع کے مفاد میں پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جو کچھ ہو رہا ہے، اس میں تین ایمپائرز اور تین کھلاڑی شامل ہیں، پی ڈی ایم ان کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔

خان نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا انتخابی نشان چھیننے کا فیصلہ یکطرفہ تھا، پی ٹی آئی کے خلاف مسلسل فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ججز نے پہلے فراڈ الیکشن کو تحفظ دیا اور اب پی ٹی آئی کی نشستیں چھینی جا رہی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر توسیع کے لیے راہ ہموار کر رہے ہیں۔

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب الیکشن فراڈ بے نقاب ہوگا تو چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔  چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور قانون کی بالادستی کو تباہ کیا جا رہا ہے، ان لوگوں کو اقتدار میں رہنے کے لیے ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے قوم اور نوجوانوں کو ملک کے مستقبل کے لیے باہر نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ لیاقت باغ میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں اخلاقیات کا قتل ہو رہا ہے اور ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 10 لاکھ لوگ ملک چھوڑ چکے ہیں اور پیسہ ملک سے باہر جا رہا ہے۔