ڈنمارک کو زندگی گزارنے کے لیے بہترین ملک قرار دیا گیا ہے، لیکن اس کی وجوہات کیا ہیں؟
کسی بھی ملک کو زندگی گزارنے کے لیے بہترین یا بدترین قرار دینے کی بنیاد وہاں رہنے والوں کے لیے دستیاب سہولیات، اطمینان و سکون اور طرز زندگی کو سمجھا جاتا ہے، یہی وجوہات ہیں کہ ڈنمارک کو ایک سروے کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے بنائی گئی فہرست میں نمبر ون قرار دیا گیا ہے۔
سروے میں ڈنمارک کو پہلے نمبر پر لانے کی وجہ وہاں علاج کی سہولیات کا مفت ہونا، بچوں کی نگہداشت سے متعلق سروسز پر رعایتیں اور یونیورسٹیز میں پڑھنے والے طلبہ کی فیسوں کی ادائیگی میں معاونت کے علاوہ وہاں کام کرنے والے بیرون ملک سے آئے ہوئے افراد کی رائے بنی ہے۔
زندگی گزارنے کے لیے بہترین ممالک کی فہرست میں 98 ملکوں کو شامل کیا گیا ہے، جس میں ڈنمارک کے بعد دوسرے نمبر پر سوئیڈن اور سوئٹزرلینڈ کو تیسرے درجے پر رکھا گیا ہے۔ مختلف ممالک کی درجہ بندی کے لیے وہاں دستیاب ملازمتوں، مارکیٹ، آمدن کی شرح، مہنگائی کی شرح، تحفظ، امن و امان، سیاسی استحکام، تعلیم اور صحت سے متعلق سہولیات کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
حال ہی میں ہونے والے سروے میں رواں برس 22 مارچ تا 23 مئی دنیا بھر سے 17 ہزار افراد سے رائے لی گئی ہے، جس کے بعد جاری نتائج میں پہلے تین سرفہرست ممالک کے بعد ناروے، کینیڈا، فِن لینڈ، جرمنی، آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ آتے ہیں۔
علاوہ ازیں مشرق وسطیٰ کے بہترین ممالک میں متحدہ عرب امارات اور دوسرے نمبر پر قطر کو سمجھا جاتا ہے۔ اسی طرح ایشیائی ممالک میں سنگاپور سب سے پہلے اور جنوبی کوریا و چین اس کے بعد آتے ہیں۔