میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان ورکرز فیڈریشن سندھ کے رہنمائوں محمد ملوک اجن، محمد اعظم مگنیجو، خان محمد نظامانی، خادم حسین کھوسو اور دیگر کی جانب سے کنونشن منعقد کیا گیا جس میں محمد شریف کانیہو، قربان علی سومرو، حاجی مظفر لغاری، غلام شبیر خاصخیلی، عزیز لغاری ایڈوکیٹ سمیت مختلف سرکاری محکموں واپڈا، ریلوے، ایجوکیشن، ہائی وے، زراعت، آبپاشی سمیت دیگر محکموں کی یونین کے رہنماوں نے شرکت کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سرکاری اداروں کے افسران ریکارڈ کرپشن کر رہے ہیں، جبکہ چھوٹے ملازمین کی حق تلفی کی جا رہی ہے، اس لیے اس پلیٹ فارم سے ہم پورے سندھ کے ملازمین کے حقوق حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کریں گے، اس حوالے سے ضلعی سطح پر یونٹ قائم کر کے ملازمین کے مسائل حل کروائے جائیں گے۔ اس موقع پر مقررین نے مطالبہ کیا کہ وفات پانے والے ملازمین کی اولادوں کو بغیر انٹرویو روزگار فراہم کیا جائے، کم تنخواہ پانے والے ملازمین کے بچوں کو مفت تعلیم، تمام ملازمین کو آن لائن سسٹم کے تحت تنخواہیں ادا کی جائیں، ریٹائرڈ ملازمین کو سن کوٹہ کے تحت روزگار فراہم کیا جائے، مہنگائی کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، کم تنخواہ حاصل کرنے والے ملازمین کا علاج مفت اور ہیلتھ انشورنس پالیس متعارف کروائی جائے۔