اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے کہا ہے کہ پر امن اور خوشحال افغانستان کے خواہاں ہیں، ہمسایہ ملک د ہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں کر کے علاقے کے امن و استحکام کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرے۔ اسرائیل کی جارحیت لبنان کی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔ مالم جبہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ غیر ملکی سفارتکاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان بھر میں سفر کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وز یر اعظم اس وقت نیویارک میں ہیں۔ وہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم نے لیڈر شپ فار پیس اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے دنیا میں امن و استحکام کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے مالدیپ، ترکیہ، کویت اور اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں کیں اور وزیر اعظم نے بڑھتی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔