سائٹ کراچی اور نوری آباد میں انڈسٹریل فیز تھری پر کام جاری ہے‘وزیراعلیٰ

33

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ انکی حکومت نے کیماڑی میں سائٹ کراچی فیز III اور نوری آباد میں نوری آباد انڈسٹریل اسٹیٹ فیز III کے قیام کیلئے زمین مختص کی ہے جس پر اس وقت انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی اور ترقی کا عمل جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے پی اے ایف میوزیم میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے زیر اہتمام سالانہ عشائیہ 2024 پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیر صنعت جام اکرام دھاریجو، صنعتکار ایس ایم تنویر، صدر کاٹی جوہر قندھاری، زبیر چھایا، سینیٹر
عبدالحسیب، نگہت اعوان اور دیگر نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ انکی حکومت نے سائٹ کراچی فیز III کے قیام کیلئے دیھ موچکو اور گبو پیٹ ضلع کیماڑی میں 2000 ایکڑ اراضی الاٹ کی ہے جس پر بنیادی انفراسٹرکچر سہولیات کی منصوبہ بندی و ترقی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تحت انڈسٹریل اسٹیٹ ایٹ نوری آباد فیز تھری 1150 ایکڑ اراضی پر قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکی حکومت صوبے میں صنعت کاری اور معاشی و تجارتی ترقی کو فروغ دینے سمیت صنعتکاروں و تاجر برادری کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، اس سے معاشی اور تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔