ایک بری سیریز کے بعد جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے، جیسن گلسپی

98

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان ریڈ بال ٹیم کے کوچ جیسن گلسپی نے کہا ہے کہ ہم نے انگلینڈ کیخلاف اسکواڈ کو بنگلادیش سیریز سے زیادہ مختلف نہیں رکھا، بنگلادیش کیخلاف سیریز میں نتائج ہمارے حق میں نہ تھے، ہم نے بنگلادیش کیخلاف کچھ حصوں میں اچھا کھیلا، اس میں تسلسل ضروری ہے۔چیمپئنز کپ میں کمنٹری کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جیسن گلسپی نے کہا کہ کھلاڑیوں پر بھروسہ اور اعتماد بہت ضروری ہے، پلیئرز کا مورال بلند رکھنے کیلئے ان کو یہ باور کروانا ضروری ہے کہ ہمیں ان پر بھروسہ ہے، یہ سب اچھے کھلاڑی ہیں، کوئی راتوں رات اپنی صلاحیت نہیں کھو دیتا، ایک یا دو خراب سیریز ان کو برا پلیئر نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ مجھے آئے ہوئے چند ماہ ہی ہوئے ہیں، میں پلیئرز کو سمجھنا شروع کرچکا ہوں، ایک بری سیریز کے بعد جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے، میں نے یہاں اپنے سبق بھی سیکھے ہیں، ان ایریاز کو پہچانا ہے جہاں بہتری کی ضرورت ہے، پلیئرز کی فٹنس کا معاملہ کنٹرول ہوسکتا ہے۔قومی ریڈ بال کوچ کا کہنا تھا کہ پلیئرز کے ورک لوڈ منیجمنٹ پر گیری کرسٹن سے بھی بات ہوئی ہے، ہر فارمیٹ کھیلنے والے تمام پلیئرز کا ورک لوڈ ذہن میں ہے، میں یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ ہم اپنے ہر فارمیٹ پلیئرز کی دیکھ بھال کریں، ہمیں 11 کھلاڑیوں سے بالاتر ہوکر ایک اسکواڈ کی سوچ اپنانا ہوگی۔