کیریبین پریمیئر لیگ میں گیانا ایمیزون واریئرزکی چھٹی فتح

80

گیانا(اسپورٹس ڈیسک)دفاعی چیمپئن گیانا ایمیزون واریئرز نے کیریبین پریمیئر لیگ کے 27ویں میچ میں بارباڈوس رائلز کو 47رنز سے شکست دے کر لیگ کے 12ویں ایڈیشن میں چھٹی فتح سمیٹ لی۔ دفاعی چیمپئن گیانا ایمیزون واریئرزکی طرف سے ملنے والے 220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بارباڈوس رائلز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناسکی ،بارباڈوس رائلز کے ڈیوڈ ملر کی ناقابل شکست 71 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، گیانا ایمیزون واریئرز کے وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پروویڈنس اسٹیڈیم، گیانا میں کھیلے گئے سی پی ایل کے 27ویں میچ میں دفاعی چیمپئن گیانا ایمیزون واریئرز کے کپتان عمران طاہر کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔گیانا ایمیزون واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر219رنز بناکر بارباڈوس رائلز کو میچ میں کامیابی کیلئے 220رنز کا ہدف دیا۔ وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ نے 71 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ،شمرون ہیٹمائر 57 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔بارباڈوس رائلز کے مہیش تھیکشنا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔جواب میں بارباڈوس رائلز کی ٹیم220 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناسکی۔