وزیراعظم کی عالمی بینک کے صدر سے ملاقات‘ معاشی اہداف پورے کرنے کاعزم

84
نیویارک:وزیراعظم شہبازشریف سے بل گیٹس ملاقات کررہے ہیں‘چھوٹی تصویر میں فلسطینی صدر محمود عباس سے تبادلہ خیال کررہے ہیں

نیویارک (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عالمی بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے وژن 2025 اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کے ساتھ اقتصادی اصلاحات ، غربت میں کمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت پاکستان کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر کو حکومت کے پالیسی، انتظامی اور تنظیمی اصلاحات کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بتایا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے توانائی، مالیات اور محصولات کے شعبوں میں اصلاحات نافذ کی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیویارک میں یو این جی اے کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی۔ پاکستان کے 7 بلین امریکی ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے حوالے سے 37 ماہ کے کامیاب اسٹاف لیول ایگریمنٹ (SLA) کے لیے آئی ایم ایف کے تعاون کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے اپنے ادارے کی جانب سے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا اور میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے اور جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔