حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس حکومتی نمائشی اقدامات مسترد‘ بہرصورت دھرنوں کااعلان

71
لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن منصورہ میں مرکزی وصوبائی ذمے داروں کے آن لائن ہنگامی اجلاس کی صدار ت کررہے ہیں

لاہو ر(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جمعرات کو منصورہ میں قائدین جماعت اسلامی کے آن لائن ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مرکزی و صوبائی اور بڑے شہروں کی قیادت نے شرکت کی۔امیر جماعت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 29ستمبراتوار کو پورے ملک کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دے گی ۔ حکومت نے راولپنڈی معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا اور میڈیا کے سامنے قوم کے سامنے غلط بیانی کی ۔ حکمرانوں نے گزشتہ 45 روز میں چند نمائشی اقدامات کیے جبکہ یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد ہوگا، جماعت اسلامی ان اقدامات کو تسلیم نہیں کرتی ، ہمارا مطالبہ ہے کہ پورے ملک کی عوام کو بجلی کے بلوں پر فوری ریلیف دیا جائے۔ بجلی کی اصل پیداروی لاگت کے مطابق پورے ملک میں یکساں ٹیرف نافذکیا جائے۔ اسی طرح آئی پی پیز معاہدوں کوبھی ختم کیاجائے ، حکومت آئی پی پیز سے معاہدہ کے متعلق اخباری بیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات اٹھائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ پر ریفرنڈم کرائے گی۔ اکتوبر میں پہیہ جام ہڑتال اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے آپشن بھی زیرغور ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 23سے 27 اکتوبر تک 5 روز تک عوامی ریفرنڈم ہوگا،اس دوران تمام پبلک مقامات پر ووٹ بکس رکھے جائیں گے، ریفرنڈم کے لیے تمام صوبوں میں الیکشن کمیشن تشکیل دیے جائیں گے۔وکلا، تاجروں، علما کرام، خواتین، طالب علموں، مساجد، مدارس سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے رابطے کیے جائیں گے۔ اس کے بعد اس کے بعد پہیہ جام کا اعلان کر سکتے ہیں، ملک بھر سے لانگ مارچز اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آپشن بھی استعمال کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے 7اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں ہفتہ یکجہتی فلسطین و لبنان منانے کا بھی اعلان کیا۔اسی دوران اسلام آباد اور کراچی میں ملین مارچز ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اہل فلسطین و لبنان کے حق میں گھروں سے نکلیںاور پرامن احتجاج کریں۔امیر جماعت نے کہا حکومت جعلی مینڈیٹ سے بنی مگر اب جب کہ یہی لوگ مسلط ہیں تو عوامی ریلیف کے حصول کے لیے انہیں ہی مجبور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیمانہ صبر جواب دے چکا ہے، یہ لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔ جماعت اسلامی انارکی نہیں چاہتی اسی لیے عوام کو منظم کرکے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔انہوں نے جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ شاہراہوں پر دھرنے کے لیے عوام کو مکمل یکسوئی کے ساتھ موبلا ئز کیا جائے۔ جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے حق دوتحریک کا آغاز کیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور بجلی و گیس کے بلوں، پیٹرول کی قیمتوں پر عوام کو فوری ریلیف دے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی پی پیز معاہدے ختم کرے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے اور تنخواہ دار طبقے اور تاجروں کو ٹیکس میں ریلیف دے، اسی طرح حکمران اپنی عیاشیاں اور مراعات ختم کریں اور سود کی شرح کو بتدریج کم کیا جائے۔ ان اقدامات سے ہونی والی اربوں روپے کی بچت کو بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے استعمال کیا جائے۔ پیٹرول کی قیمت کو عالمی منڈی کے مطابق لایا جائے اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، حکومت کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی سے کم وبیش 25ارب ڈالر کا فائدہ امپورٹ بل کی صورت میں حاصل ہوا ہے، اس فائدہ سے عوام کو ریلیف ملے تو پیٹرول کی قیمت 150روپے فی لیٹر تک آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کا مقصد جمہوری آزادیاں، بچوں کی تعلیم، عوام کے لیے صحت کی سہولتوں کی دستیابی، انصاف کی فراہمی، الیکشن اور لینڈاصلاحات،خواتین کے لیے وراثت کے حق، نوجوانوں کے لیے روزگار اور دیگر عوامی ریلیف کے اقدامات ہیں۔ تحریک کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے ملک گیر ممبر شپ کمپین بھی شروع کی ہے جسے بھرپور عوامی پذیرائی مل رہی ہے، حق دو تحریک کا اولین مقصد عوام کے لیے بجلی بلوں پر ریلیف ہے۔ دیہات، تعلیم گاہوں میں رابطے کریں گے۔

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جمعرات کے روز ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیاہے کہ حکومت کی جانب سے تحریری معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت کے مطابق ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں اتوار 29ستمبر کو کراچی میں 10اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے ، جن میں شارع فیصل ، نیشنل ہائے وے ، سپر ہائی وے ، شاہراہ پاکستان ،شاہراہ شیر شاہ سوری ، حب ریور روڈ،شاہراہ قائدین ،تین تلوار ،ماڑی پور روڈ شامل ہیں ۔ ملک بھر میں مہنگی بجلی آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدوں ، بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے اور حکمرانوں کی عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی کی ’’حق دو عوام کو تحریک و ممبر شپ مہم ‘‘ ملک گیر سطح پر جاری ہے ۔ حکمرانوں سے عوام کا حق لے کر رہیں گے ، ہر سال کی طرح اس سال بھی MDCATمیں شدید بد انتظامی و ہزاروں طلبہ و طالبات اور والدین کو ذہنی و جسمانی اذیت اور پرچہ لیک ہونے اور کرپشن کی اطلاعات کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اس ساری صورتحال کے ذمے دار وزیر اعلیٰ سندھ ، صوبائی وزیر صحت و وزیر تعلیم اور سیکرٹری صحت ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایک با اختیار کمیٹی بنا کر بد انتظامی و کرپشن کی تحقیقات کرائی جائے اور ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، گزشتہ سال کی طرح بد انتظامی و پرچہ لیک کرانے کے ذمے داروں کو تحفظ دینے اور ان کے نام ظاہر نہ کرنے کا عمل نہ دہرایا جائے ، کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے ، ملک کو 67فیصد ریونیو اور صوبے سندھ کا 90فیصد سے زائد حصہ فراہم کرتا ہے ، شہر کی ابتر حالت اور تباہ شدہ انفرا اسٹرکچر ، پانی کی قلت ، سیوریج و صفائی ستھرائی کے ناقص نظام اور سڑکوں کی خستہ حالی کی تمام تر ذمے داری صوبائی حکومت ، وزیر بلدیات اور قابض میئر پر عاید ہوتی ہے ، ان کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور بد انتظامی و کرپشن نے کراچی کے عوام ، تاجروں و صنعتکاروں کو شدید مشکلات و پریشانی کا شکار کیا ہو اہے ؟ قابض میئر اور وزیر اعلیٰ نوٹس تو لیتے ہیں لیکن نتیجہ کوئی نہیں نکلتا ، قابض میئر نے سڑکوں کی ناقص تعمیرات پر 7اگست کو نوٹس لیا اور تحقیقات کا حکم دیا مگر 50دن ہوگئے ہیں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ، وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی نوٹس لیا اور وزیر بلدیات کو تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ بنا دیا جو خود اس بدترین صورتحال کے ذمے دار ہیں ان کو ہی تحقیقات کی ذمے داری دیدی گئی ، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور جگہ جگہ گڑھوں کے باعث روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے ، ناقص استر کاری اور نو تعمیر شدہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے نئے ٹینڈرز دے دیے گئے ہیں ، 4ارب روپے کی منظوری اور 2ارب روپے جاری بھی کر دیے گئے ہیں ، جن لوگوں نے پہلے نا اہلی اور کرپشن کی ان سے ہی دوبارہ کام کرائے جا رہے ہیں ، منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک شہر میں 18/18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کر رہی ہے ، عوام ، تاجر اور صنعتکار سب پریشان ہیں ، کے الیکٹرک ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی فراہم کر رہی ہے اور 80روپے فی یونٹ وصول کر رہی ہے جبکہ اسے دی جانے والی سبسیڈی جو نجکاری کے وقت 1.4ارب روپے سالانہ تھی اب 174ارب روپے سالانہ پہنچ گئی ہے ، کراچی میں صارفین کی تعداد میں تو اضافہ ہوا ہے لیکن کے الیکٹرک کی جنریشن میں اضافے کے بجائے 20فیصد کمی ہوئی ہے ، لائین لاسز بھی اس کے سب سے زیادہ ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے اس کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے اور کراچی کو این ٹی ڈی سی سے سستی بجلی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی و گیس اور حکومتی پالیسیوں کے باعث صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں ،30فیصد انڈسٹریل یونٹ بند ہو گئے ہیں اور لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں ، ایک طرف عوام مہنگی بجلی و گیس ٹیکسوں کی بھر مار سے پریشان ہیں تو دوسری طرف تاجروں پر تاجر دشمن اسکیم مسلط کر دی گئی ہے ، تنخواہ دار طبقہ جو پانچ سال قبل 74ارب روپے سالانہ ٹیکس جمع کراتا تھا اس سال اس نے 368ارب روپے جمع کرائے ہیں ، بڑے جاگیرداروں اور وڈیروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام اور تنخواہ دار طبقے پر ہی ڈالا جا رہا ہے ، حکمرانوں اور طبقہ اشرافیہ کی شاہ خرچیاں اور عیاشیاں ختم نہیں کی جا رہی ، اعلیٰ افسران کی مراعات جاری ہیں ، اسٹیٹ بینک کے گورنر کی ماہانہ تنخواہ 40لاکھ روپے ہے ، 2گاڑیاں ، 1200لیٹر ماہانہ پیٹرول و بجلی فری ہے ، ہوائی جہاز کے ٹکٹ اور بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی ان کو دیئے جاتے ہیں ، سندھ حکومت نے گزشتہ دنوں اسسٹنٹ کمشنروں کی گاڑیوں کے لیے 2ارب روپے مختص کیے جس کے خلاف جماعت اسلامی نے کورٹ سے اسٹے آرڈر حاصل کیا ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ٹیسٹ میں پہلے کی طرح شدید بد انتظامی اور مسائل سامنے آئے ، پی ایم ڈی سی نے ملک بھر میں ایک ہی دن ٹیسٹ کروائے اور ان کو صوبوں میں آئوٹ سورس کر دیا گیا ۔ سندھ میں ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ آف سائنس نے ٹیسٹ کنڈیکٹ کرایااور فی طالب علم 8ہزار روپے فیس وصول کی اور ایک لاکھ 80ہزار امیدواروں سے 1ارب 39کروڑ روپے ‘ پی ایم ڈی سی نے وصول کیے ، کراچی جیسے بڑے شہر میں صرف 2امتحانی مراکز قائم کیے گئے ، ہزاروں طلبہ و طالبات گرمی اور دھوپ میں گھنٹوں لمبی لائنوں میں لگے رہے ، طلبہ و طالبات سمیت والدین کو بھی شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ، ہر دفعہ کی طرح پر چہ لیک ہو گیا ، حیدر آباد میں پرائیویٹ سینٹرز میں پر چہ حل کروانے کی اطلاعات آئی ہیں ، کندھ کوٹ میں 100طلبہ نے 180سے زائد نمبرزحاصل کیے ، سندھ حکومت کی جانب سے ایک طرف بد انتظامی و نا اہلی اور دوسری طرف کرپشن کا بازار گرم کیا گیا ۔ انٹر بورڈ کے چیئر مین تھانوں میں ایس ایچ او کی طرح تبدیل ہوتے ہیں ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ ا سرائیل کی جانب سے فلسطین میں مظالم اور بمباری جاری ہے ، اسکول، ہسپتال ، مساجد اور رہائشی آبادیوں پر بمباری کی جارہی ہے ، عالمی دہشت گرد امریکا کی پشت پناہی سے اسرائیل 42لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے ، اب لبنان میں بھی بمباری کی جارہی ہے ، اقوام متحدہ کے اجلاس صرف تقریری مقابلے بن چکے ہیں ، اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی روکنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے ، مسلم ممالک کے حکمران اور او آئی سی کی جانب سے بھی بے حسی ، بزدلی کا مظاہرہ کیا جا رہاہے ۔ جماعت اسلامی نے 6اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر ’’الاقصیٰ ملین مارچ ‘‘ کا اعلان کیا ہے ، ہم نوجوانوں ، بچوں ، بزرگوں ، طلبہ ، علما ، وکلا اور خواتین سمیت تمام طبقات سے وابستہ افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ6 اکتوبر کو ’’الاقصیٰ ملین مارچ ‘‘ میں جوق در جوق شریک ہوں اور پوری دنیا کو پیغام دیں کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ پریس کانفرنس میں نائب امیر و اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ،ڈپٹی سیکرٹری کراچی و کنٹونمنٹ بورڈ کے کونسلر ابن الحسن ہاشمی ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،بلدیہ عظمیٰ کراچی یوتھ کونسلر تیمور احمد بھی موجود تھے۔دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کے خلاف دھرنے کے معاہدے پر عمل نہ کرکے حکومت نے وعدہ خلافی کی ۔امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم کی اپیل پر29ستمبر کو سندھ میں بھی کراچی تا کشمور احتجاج ہوگا۔ضلعی ہیڈکوارٹرز اورشاہراہوں پراحتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑرہی ہے۔جماعت اسلامی انارکی نہیں چاہتی اسی لیے عوام کو منظم کرکے پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے۔حکومت کے ظالمانہ اقدامات اورعوام کے جائز حقوق کی خاطرپرامن وآئینی جدوجہد جاری رہے گی۔قبا آڈیٹوریم میں ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی آمرانہ وعام دشمن فیصلوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کاطوفان،کاروبارتباہ،بجلی وگیس کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز نے عوام کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے۔صوبائی امیرنے عوام سے اپیل کی کہ وہ 29ستمبر کو حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھرپورشرکت کرکے بیداری کا ثبوت دیں۔