کسی امریکی صدارتی امیدوار کو نقصان پہنچنے پر ایران کو تباہ کردینا چاہیے‘ ٹرمپ

51

واشنگٹن(خبر ایجنسیاں) امریکا کے سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر کسی امریکی صدارتی امیدوار کو نقصان پہنچایا تو جواب میں ایران یا اس کے کسی شہر کو مکمل طور پر تباہ کردینا چاہیے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر میں صدر ہوتا اور ایران ہمارے کسی صدارتی امیدوار کو قتل کی دھمکی تو میں سخت ردعمل دیتا۔سابق صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں ایران کو کہتا کہ اگر ہمارے کسی صدارتی امیدوار کو نقصان پہنچایا تو تمھارے پورے ملک یا کسی بڑے شہر کو تباہ کردیں گے۔ ریاست شمالی کیرولینا میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت کو بھی ایسا ہی ردعمل دینا چاہیے اور ایران کو سختی سے متنبہ کرنے کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ امریکی انٹیلی جنس ادارے نے ٹرمپ کو قتل کرنے کی ایرانی سازش سے خبردار کرتے ہوئے انھیں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔علاوہ ازیں امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے جان کا شدید خطرہ ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(ٹوئٹر) پر بیان میں ریبپلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ میری جان کو ایران کی جانب سے شدید خطرہ ہے۔ ایران نے پہلے بھی ایسی کوششیں کی ہیں جو کامیاب نہیں ہوئیں ۔سابق امریکی صدر کا مزید کہنا تھا ایران کی طرف سے میری جان کو لاحق خطرے کو امریکی فوج دیکھ رہی ہے اور انتظار کررہی ہے۔ ٹرمپ نے سیکرٹ سروس کے لیے اضافی فنڈز دینے کی منظوری پر کانگریس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طنزیہ کہا کہ میں اب پہلے سے زیادہ آدمیوں اور ہتھیاروں میں گھرا ہوا ہوں۔ یاد رہے جولائی 13 کو پینسلوانیا میں سیاسی ریلی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ معمولی زخمی ہوگئے تھے جبکہ حملہ آور سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں ہلاک ہوگیا تھا۔ فلوریڈا میں 15 ستمبر کو امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے مقام کے قریب فائرنگ کی آواز سنی گئی تھی تاہم ٹرمپ محفوظ رہے تھے۔