صوابی میں تھانہ کے اندر زوردار دھماکا،عمارت منہدم،17 پولیس اہلکار زخمی

218

صوابی: خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں تھانے میں دھماکا ہونے کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوگئی، تھانے میں موجود ڈیوٹی پر پولیس اہلکار 17 کے قریب زخمی ہوئے ہیں، شہادت کی ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا ہوتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکوارڈ کو طلب کرلیا ہے،  علاقے کی ناکا بندی بھی کردی گئی ہے۔

دھماکا ہوتے ہی ریسکیو ٹیموں نے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال میں منتقل کردیا ہے۔

ڈی پی او صوابی ہارون رشید نے بتایا کہ دھماکہ مال خانے میں رکھے بارود میں ہوا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی وجہ سے بیرکس منہدم ہوگئیں اور ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔دھماکے کے بعد صوابی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانے کے اندر مال خانے میں دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا بارودی مواد شارٹ سرکٹ کے باعث پھٹ گیا جس کے بعد متعدد دھماکے ہوئے ہیں۔