نواز شریف جلد لندن کے دورے پر روانہ ہو سکتے ہیں

172

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور تین مرتبہ کے سابق وزیر اعظم نواز شریف آئندہ دنوں میں طبی معائنہ کے لیے لندن کے دورے پر جا سکتے ہیں، اس حوالے سے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا ہے۔

یہ دورہ 2 سے 3 ہفتوں پر مشتمل ہوگا، اور اندرونی ذرائع کے مطابق ان کی بیٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ممکنہ طور پر اپنے والد کے ہمراہ ہوں گی۔

لندن میں قیام کے دوران سابق وزیر اعظم اپنے بیٹوں سے ملاقات بھی کریں گے۔

یہ دورہ، جو بنیادی طور پر معمول کے طبی معائنہ پر مبنی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی پاکستان واپسی کے بعد پہلا بڑا بیرون ملک سفر ہوگا۔ نواز شریف نے چار سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد گزشتہ سال برطانیہ سے وطن واپسی کی تھی۔

نواز شریف کے ممکنہ طبی دورے کی افواہیں اگست سے گردش میں ہیں، جب رپورٹس میں ان کی ممکنہ روانگی کا اشارہ دیا گیا تھا۔ تاہم، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ان خبروں کی نہ تصدیق کی ہے اور نہ تردید کی ہے ۔