لبنان میں مکمل جنگ پر ایران خاموش نہیں رہے گا، ایرانی وزیر خارجہ

163

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران حزب اللہ کی حمایت جاری رکھے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ لبنان میں جاری تنازعے کے شدت اختیار کرنے پر ایران خاموش نہیں رہے گا۔

عراقچی نے کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتی حل کی حمایت کرتا ہے لیکن اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو ایران ردعمل دینے سے گریز نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا کے سابق صدر اور ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں ایران کی جانب سے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں اور ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران نے ماضی میں بھی انہیں نشانہ بنانے کی کوششیں کیں، جو ناکام رہیں، مگر اب خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں امریکی فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران سے لاحق اس خطرے کو امریکی فوج بھی مانیٹر کر رہی ہے اور انتظار کر رہی ہے کہ کیا قدم اٹھایا جائے۔