اسلام آباد: امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے تحت امریکا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط اور بہت گہرے ہوتے جا رہے ہیں ۔
مقامی نجی میڈیا چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، انہوں نے پاکستان کی معاشی بحالی اور جاری اصلاحات پر خوشی کا اظہار کیا۔
پاکستان کے وزیر خزانہ اورنگزیب کے ساتھ ورلڈ بینک کے ہیڈکوارٹر میں حالیہ ملاقات کے بعد انہوں نے انٹرویو کے دوران تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے بہت حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اصلاحات مستقبل کے لیے بہت ضروری ہیں ، ان اصلاحات سے پاکستان کی طویل مدتی معاشی حالت بہتر ہوگی اس لیے استحکام اولین ترجیح ہے جس سے کے نفاذ سے معاشرے کے تمام بشمول نوجوانوں کو فائدہ ہوگا ۔
سیکیورٹی تعاون پر بات کرتے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں میں امریکا کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں ۔ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فوج اور حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ۔
انہوں نے امریکا اور پاکستانی عوام کے درمیان گہرے تعلق کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ امریکا پاکستان کی کامیابی کے لیے پرعزم ہے۔ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان ترقی کرے اور کامیاب ہو ۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما عمران خان نے پارلیمانی عدم اعتماد کی تحریک میں امریکی سفیر کے ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس کے نتیجے میں سابق وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔