سیاست اور معاملات آئین سے باہر چل رہے ، شاہد خاقان

92

اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج تمام سیاست اور معاملات آئین کے دائرہ کار سے باہر چل رہے ہیں،2024ء کا الیکشن نہ لڑنا 35سال کی عوامی رفاقت کے باعث بہت مشکل فیصلہ تھا،کرپٹ سسٹم کا حصہ نہیں بننا چاہتا تھا ،نواز شریف سے بہت پرانا رشتہ ہے جو مجھے بہت عزیز ہے ،موجودہ حالات میں وزیراعظم کی کرسی پرکبھی نہ بیٹھتا جس طرح آج شہباز شریف بیٹھے ہوئے ہیں’’۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ہر ادارہ آئین کو توڑ رہا ہے اپنی اپنی حدود سے تجاوز کیا جارہا ہے تمام سیاست اور معاملات آئین کے دائرہ کار سے باہر چل رہے ہیں جو ملک کے لیے خطرناک ہیں ان کا حل تلاش کرنا ہوگا ۔ ان سالوں میں متعددبار الیکشن لڑا اور عوام کی ہمیشہ سے میرے ساتھ خصوصی شفقت رہی ہے اس بناء پر میرے اوپر عوام علاقہ کا بہت دبائو تھا کہ آپ الیکشن ضرور لڑیں چاہیے آزاد حیثیت سے ہی لڑیں مگر الیکشن میں ضرور حصہ لیں مگر میں نے انہیں کہا کہ اس وقت صورتحال بہت خراب ہے سسٹم کرپٹ ہوچکا ہے میں اس نظام کا حصہ نہیں بننا چاہتا یہ ان کی مہربانی ہے کہ انہوں نے میری بات کو سمجھا اور مجھے حوصلہ دیا۔