انکم ٹیکس ریٹرن داخل کرنے کیلیے تاریخ میں توسیع کی جائے، کراچی چیمبر

155

کراچی (کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 31 اکتوبر 2024 تک ایک ماہ کی توسیع کی درخواست کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس دہندگان اپنے گوشوارے جمع کرا سکیں۔ایک بیان میں صدر کے سی سی آئی نے کہا کہ تاجر برادری کی اکثریت ستمبر کے دوران پاکستان بھر میں چیمبرز آف کامرس اور دیگر تجارتی اداروں کے انتخابات کی سرگرمیوں میں مصروف رہی۔اس لیے وہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے لیے درکار تمام لازمی دستاویزات کے کام کو مکمل کرنے سے قاصر ہیں۔ جیسا کہ آخری تاریخ 30 ستمبر 2024 کو ختم ہو رہی ہے لہذا ایف بی آر کو انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرنی چاہیے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ بدھ کے روز کراچی چیمبر کے متعدد ممبران نے شکایت کی کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے آئی آر آئی ایس پورٹل صبح کے وقت میں ناکارہ ہو گیا اور کسی حد تک قابل رسائی ہونے کے باوجود پورٹل سست رہا جس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس پورٹل میں اپنا ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے سے قاصر ہونے کی وجہ سے بے چین رہے۔ہر سال جب بھی ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ قریب آتی ہے تو ہمیں اس کی خرابی اور سست روی کی شکایات موصول ہونے لگتی ہیں جس کے لیے آئی آر آئی ایس سسٹم کی صلاحیت کو بڑھا کر حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایف بی آر نان فائلرز پر سخت پابندیاں لگانے کا اعلان کر رہا ہے لیکن دوسری طرف ٹیکس اکٹھا کرنے والی اتھارٹی آئی آر آئی ایس سسٹم کی کارکردگی اور صلاحیت کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں دے رہی جسے بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔سسٹم کو اس حد تک آسان بنانا ہوگا کہ ٹیکس دہندگان اس کام کو انجام دینے کے لیے ٹیکس کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے بجائے خود ہی ریٹرن جمع کراسکیں جو کہ ایک اضافی خرچ کا سبب بنتا ہے۔