کراچی (اسپورٹس رپورٹر)گورنرہائو س کراچی میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ اور گورنرہائوس کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط ہوگئے۔جاری اعلامیہ کے مطابق گورنرہائوس کی طرف سے گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری اور کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ کے زوہیر نصیر نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔ معاہدہ کے تحت گورنر سندھ کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ کے چیف پیٹرن اور کراچی نائٹ ٹیم کے پیٹرن ہوں گے۔اس موقع پر لیجنڈ کھلاڑی ہارون رشید اور توصیف احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ ٹیپ بال سے بچپن کی یاد یںتازہ ہو جاتی ہیں۔ آج ہم اسٹریٹ سے اسٹیڈیم تک کا سفر کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ سے شروع کررہے ہیں۔ شہر کی مختلف ٹیمیں اس ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں ۔
اور یہ 14 دسمبر سے 29 دسمبر 2024 تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ کے تمام میچز نیشنل ا سٹیڈیم کراچی میں ہی ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کی ایک ٹیم “کراچی نائٹ” کی اونر شپ لے رہا ہوں۔اونر شپ لینے کا مقصد یہ بتانا ہے کہ اس کھیل کے فروغ کے لئے میں بھی آپ کے ساتھ ہوں۔ اس طرح کے ایونٹ سے عالمی سطح کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔اس میگا ایونٹ سے قبل کراچی کے بچوں میں ایک لاکھ ٹینس بال تقسیم کریں گے تاکہ ان بچوں میں بھی کھیلوں کی طرف دلچسپی بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی بھرپور پزیرائی سے دیگر کھلاڑیوں کا بھی حوصلہ بلند ہوا ہے۔