قومی فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 گریڈ 2 ،سیالکوٹ کامیاب

139

فیصل آباد(اسپورٹس ڈیسک) آل رائونڈر عبدالسلام کی شاندار نصف سنچری 55 رنز اور 15 رنز کے عوض 2 وکٹیں اور محمد شاہد کی شاندار بولنگ صرف 13 رنز کے عوض3 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی نے  سیالکوٹ فزیکل ڈس ایبلیٹی ٹیم کو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ چیمپئن شپ گریڈ 2 کے دوسرے میچ میں کامیابی سے ہمکنار کرادیا۔  شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اورپاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے سعید اجمل انٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ فیصل آباد میں گریڈ 2  مرحلہ میں میزبان فیصل آباد پی ڈی ٹیم کو اعصاب شکن مقابلے میں7 رنز سے شکست ہوگئی۔ کھیلے گئے دوسرے میچ میں سیالکوٹ  پی ڈی نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز سے 2 گیندیں قبل پوری ٹیم 145 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔
عبدالسلام نے عمدہ نصف سنچری 55رنز 42 گیندوں پر 5 زوردار چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے بنائے، نجم نے 27 اور شاہد نے 19 رنز کا اضافہ کیا۔ فیصل آباد پی ڈی کی جانب سے بہترین بولنگ کرتے ہوئے محمد خرم نے صرف 13 اور محمد اسد نے 22 رنز دے کر 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ عبدااللہ نے 2 وکٹیں لیں۔جواب میں 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فیصل آباد پی ڈی کی ٹیم  مقررہ 20 اوورز میں 138رنز  پر ہمت ہار گئی۔  عدنان کی 44 گیندوں پر3 چوکوں اور 2 چوکوں سے سجی 47 رنز کی عمدہ اننگ بھی ان کی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ عامر نے17 رنز بنایے۔ سیالکوٹ کی جانب سے محمد شاہد نے عمدہ  اسپیل کرتے ہوئے صرف 13 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو پویلئین کی راہ دکھائی۔  عبدالسلام نے 22 اور نجم نے 31 رنز کے بد نے2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ مہمان خصوصی سابق کپتان فیصل آباد ریجن اور ڈائریکٹر سعید اجمل انٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی صابر حسین نے فاتح ٹیم سیالکوٹ  پی ڈی کے آل رائونڈر عبدالسلام کو 55 رنز بنانے اور 2 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا۔ اس موقع پر ریجنل ہیڈ لاہور اور سیالکوٹ جاوید اشرف اور ریجنل ہیڈ فیصل آباد واصف الرحمان بھی موجود تھے۔