اسلام آباد: طلبہ کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے دوبارہ ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ سے 6 درخواست گزار طلبہ نے رجوع کیا ہے، جس میں انہوں نے میڈیکل ایڈمیشن کے لیے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ دوبارہ لینے کی استدعا کی ہے۔
طلبہ کی جانب سے عدالت عالیہ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت میڈیکل ایڈمشن ٹیسٹ دوبارہ لینے کے احکامات کرے۔ متبادل ریلیف کے طور پر آؤٹ آف سلیبس سوالات پر گریس مارکس دینے کے احکامات بھی دیے جائیں۔
درخواست میں طلبہ کی جانب سے وفاق کو بذریعہ سیکرٹری، وزارت صحت اور صدر پی ایم ڈی سی سمیت شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور چیئرمین نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل بورڈ بھی فریقین بنانے کی استدعا کی ہے۔