عالمی مالیاتی فنڈ: پاکستان کیلیے 7 ارب ڈالرز قرض منظور

160
loan approved for Pakistan

واشنگٹن: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے پاکستان کے لئے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی ) کرسٹلینا جورجیویا کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کا ایجنڈا سر فہرست تھا۔ ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی گئی اور نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو 30 ستمبر تک 1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے، قرض پروگرام منظوری کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال آئے گی۔جبکہ آئی ایم ایف کا قرض 5 فیصد شرح سود سے کم پر ملے گا۔

صحافیوں سے گفتگو میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا تھاکہ پاکستان کو ایک ارب یا ایک ارب 10کروڑ ڈالرز تک کی پہلی قسط ملےگی۔

یاد رہے کہ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں ، بڑی کڑی شرائط تھیں، حکومت اور اداروں نے معاشی چیلنجز کو قبول کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی کچھ شرائط کا تعلق چین سے تھا، چین نے دوبارہ ہاتھ پکڑا اور ماضی کی طرح تعاون کیا، چینی قیادت، سعودی عرب اور یو اے ای کا شکر گزار ہوں ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔