کٹھمنڈو:سرکاری اعداد و شمار میں بتا یا گیاہے کہ جولائی کے وسط سے شروع ہونے والے موجودہ مالی سال 2024-25 کے پہلے دو مہینوں کے دوران سرحدی راستوں کے ذریعے نیپال اور چین کی تجارت میں تقریبا 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اکتوبر اور نومبر کے وسط میں ہونے والے نیپال کے دو بڑے تہواروں دشین اور تہاڑ سے قبل رسواگادھی اور تاتوپانی سرحدی گزر گاہ کے ذریعے گارمنٹس، جوتے، الیکٹرانک اشیا، سمارٹ فونز اور الیکٹرک گاڑیاں چین سے درآمد کی گئیں ۔
رسووا کسٹمز آفس کے انفارمیشن آفیسر رابندر پرساد پیاکوریل نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دو ماہ میں رسواگڈی بارڈر پوائنٹ کے ذریعے تجارت میں اچھی ترقی دیکھی ہے، اس راستے سے تجارت بڑھانے کی راہ میں ایک رکاوٹ نیپال کی جانب خراب سڑک اور کسٹم کا ڈھانچہ ہے۔