اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں سوشل میڈیا کا استعمال نفرت اور غلط فہمیاں پھیلانے، عدم استحکام کو ہوا دینے اور دہشت گردی کو فروغ دینے کے لیے کیا جا رہا ہے، اس کامقابلہ کرنے کے لیے سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل خواندگی میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ ہمیں فوجی کارروائیوں کو غیر متحرک اقدامات کے ساتھ متوازن رکھنا چاہیے، یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ انسداد دہشت گردی کے لیے ایک جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے، پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جس کی بڑی وجہ مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادرانہ کوششوں اور عوام کی لچک ہے۔
انہوں نے ضرب عضب اور ردالفساد جیسے فوجی آپریشنز کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کے خلاف کریک ڈان کرنے سے لے کر انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے تک، نیشنل ایکشن پلان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں گزشتہ پانچ سالوں میں دہشت گردی کے حملوں میں 30 فیصد کمی بھی شامل ہے۔