وزیراعظم شہبازشریف کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ

173
demands accountability of Israel

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کا احتساب کرے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کی ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف نے سربراہی کانفرنس کے انعقاد کا خیرمقدم کیااور کہا کہ کانفرنس ترقی پذیر ملکوں کو پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔

وزیراعظم پاکستان نے بھارت کی جارحانہ کارروائی پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تنازع کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انتونیو گوتریس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنانے کے لیے اثر و رسوخ کا استعمال کریں۔

شہباز شریف نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی مہم کی شدید مذمت کی اور غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔اور کہا کہ خودمختار ریاست فلسطین اور دارالحکومت القدس الشریف کی حمایت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر، مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔