اسلام آباد(آن لائن)پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 28 ستمبر کو پنڈی میں جلسہ کرنے کا کہا ہے جبکہ لاہور میں مینار پاکستان پر 5 اکتوبر کو احتجاج کے لیے این او سی اپلائی کر دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ انہوں نے این او سی نہیں دینا، ہمیں کہیں بکرامنڈی میں پھینک دیں گے، اگر شہر کے اندر اجازت نہ ملی تو ہم جلسے کو احتجاج میں تبدیل کردیں گے۔ سینئر نائب صدر پی ٹی آئی اکمل خان نے درخواست جمع کرائی، جس میں کہا کہ 5 اکتوبر کو بانی پی ٹی کی سالگرہ ہے، اس لیے جلسے کی اجازت دی جائے، ہم شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک جلسہ کرنا چاہتے ہیں، ہمیں اپنے لیڈر کی سالگرہ منانی ہے، مینار پاکستان جلسے کے لیے تمام قانونی ضابطوں پر عمل کریں گے، یہاں فضل الرحمن اور طاہر القادری بھی جلسہ کرچکے ہیں۔