کراچی: شہر قائد میں سیف سٹی منصوبے کے تحت 35 کیمروں کے ذریعے نگرانی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں 7 پول سائٹس پر کام کا آغاز ہوگیا ہے اور فی الوقت 35 کیمروں کے ذریعے سے کراچی میں مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی پی او میں قائم کنٹرول روم میں ڈیٹا سینٹر کے آلات اور ویڈیو وال لگادی ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں 1300 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔اس دوران مشکوک گاڑیوں اور ملزمان کی شناخت آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے کی جائے گی، 18 تھانوں میں پرابلم اوریئنٹڈ پولیسنگ ہوگی، پی او پی سائٹس کی تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
سیف سٹی کے لیے جدید کیمرے اور مانیٹرنگ سسٹم سمیت تمام سامان کراچی پہنچ گیا ہے، 5 ایمرجنسی رسپانس گاڑیاں حاصل کرلی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی پولیس آفس کے قریب سندھ سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے۔