اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی برادری لبنان پر وحشیانہ بمباری کرنے پر اسرائیل کو فوری طور پر جوابدہ ٹھیرائے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان لبنان پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اسرائیل لبنان پر جارحانہ بمباری کرکے سیکڑوں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا مرتکب ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان پر یہ جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔یہ ایک خطرناک فعل ہے جو پہلے ہی سے غیر مستحکم خطے میں امن و سلامتی کو مزید خطرے میں ڈال رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ہم لبنان کے حقِ امن و سلامتی کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خطے میں اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی اور اس کی جارحیت اور نسل کشی کے اقدامات پر اسے فوری طور پر جواب دہ ٹھیرائے۔