نیا موبائل خریدنے پر دعوت نہیں دی، دوستوں کے ہاتھوں دوست قتل

189

نئی دہلی:بھارت میں دوستوں نے اپنے ساتھی کو محض اس بات پر قتل کردیا کہ اس نے نیا موبائل خریدنے پر انہیں دعوت نہیں دی تھی۔

بھارتی خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کی ایک سڑک سے خون کے دھبے پائے گئے تھے، جس پر پولیس نے اپنے طور پر تفتیش شروع کی، جس میں حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران لوگوں نے بتایا کہ سڑک پر خون کے دھبے ایک نوجوان کے ہیں، جسے چھریاں مار کر زخمی کیا گیا تھا جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بعد ازاں پولیس اسپتال پہنچی تو معلوم ہوا کہ 16 سالہ سچن کا خون زیادہ بہہ چکا تھا، جس کی وجہ سے وہ جانبر نہیں ہو سکا۔

پولیس نے تحقیقات جاری رکھی، جس میں مقتول کے 3 دوستوں کا پتا چلا،  جنہیں پولیس نے شامل تفتیش کرلیا۔ تینوں ملزمان کی عمر 16 سال ہے  اور یہ سب نویں جماعت میں ایک ساتھ پڑھتے تھے۔

پولیس نے تحقیقات کے دوران سختی کی تو ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہا نہوں نے چھریاں مار کر سچن کو قتل کیا، جس کے محرکات بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سچن نے  نیا موبائل فون خریدا تھا، جس پر اس سے دعوت دینے کا کہا تھا، تاہم اس نے انکار کیا اور اس بات پر لڑائی ہو گئی۔

پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔