ٹھٹھہ: طلباء کو میڈیکل سے متعلق آگاہی اور مستقبل کے ڈاکٹر بنانے کے لیے کیمپ

27

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) سٹی اسکول ٹھٹھہ کیمپس کی جانب سے اسکول کے طلباء کو میڈیکل سے متعلق مختلف شعبوں کی آگاہی فراہم کرنے اور انہیں مستقبل کے ڈاکٹر بنانے کے لیے کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء کو عملی تربیت فراہم کی گئی۔ کیمپ میں نویں جماعت سے انٹر تک کے طلباء نے مختلف میڈیکل شعبے قائم کرکے عملی مظاہرے کیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر حیدرآباد ریحانہ افضل نے کہا کہ سٹی اسکول ٹھٹھہ کیمپس کی انتظامیہ کا یہ عمل قابل ستائش ہے، پروگرام سے نہ صرف طلباء میں مختلف بیماریوں کے بارے میں آگاہی پیدا ہوگی بلکہ انہیں میڈیکل کے شعبے کی مختلف شاخوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے پروگراموں سے ہم مستقبل کے ڈاکٹرز بھی تیار کر سکیں گے۔ اس موقع پر سٹی اسکول ٹھٹھہ کیمپس کی پرنسپل صنم آصف شاہ نے کہا کہ ہمارا مقصد طلباء کو بہترین تعلیم کے ساتھ ساتھ ایسی تربیت دینا ہے کہ انہیں زندگی کے مختلف شعبوں کے بارے میں ہر قسم کی معلومات حاصل ہو، پروگرام کا اصل مقصد ان کی رہنمائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا بہتر فیصلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔ اس موقع پر معروف سماجی، علمی اور طبی شعبے سے وابستہ شخصیات ڈاکٹر شیام کمار، ڈاکٹر لجپت رائے، ڈاکٹر حنا کاظمی، ڈاکٹر صفدر خواجہ اور دیگر نے شرکت کی اور کیمپ کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے سٹی اسکول ٹھٹھہ کیمپس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل کے معماروں کی اس قسم کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیمی اداروں میں اس قسم کی صحت مند سرگرمیوں کو عام ہونا چاہیے۔